بالی ووڈ کی متنازع اور بولڈ اداکارہ راکھی ساونت نے سپر اسٹار سلمان خان کا ساتھ دیتے ہوئے فلم ’’دبنگ‘‘ کے ہدایتکار ابھینو کشیپ کو واضح دھمکی دی ہے۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران ابھینو کشیپ کی جانب سے سلمان اور ان کے اہل خانہ کے خلاف اٹھائے گئے سخت الزامات خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں، جس پر راکھی ساونت نے سلمان کا دفاع کرتے ہوئے عوامی سطح پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ کے دوران راکھی ساونت نے کہا کہ سلمان خان ان کے لیے کسی دیوتا سے کم نہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ ابھینو کشیپ کی باتوں کو سنجیدگی سے نہ لیں۔
راکھی نے ابھینو کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے سخت لہجے میں خبردار کیا اور کہا کہ ’’اگر آئندہ ابھینو مجھے ملا تو میں اسے انڈے ماروں گی‘‘ اور مزید کہا کہ ’’جہاں بھی ملے گا، میں اسے چپل سے ماروں گی‘‘۔ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ ابھینو کو جانتی تک نہیں تھیں اور انہیں ایک موقع پر فلم ’’دبنگ‘‘ کی ہدایتکاری کا موقع ملا تھا۔
راکھی نے سلمان کے ساتھ اپنے تعلق اور ان کی مدد کا بھی ذکر کیا؛ بتایا کہ جب وہ مشکل میں تھیں تو سلمان نے انہیں بگ باس میں کام دلوایا اور حتیٰ کہ ان کی والدہ کے کینسر کے علاج میں مالی مدد بھی کی۔ راکھی نے کہا کہ آج کل ایک شخص مسلسل سلمان خان کے خلاف بہت بول رہا ہے اور وہ اس رویے کو برداشت نہیں کرتیں۔ انہوں نے اس شخص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے ’’گنجا‘‘ کہہ رہی ہیں کیونکہ اس کا نام لینے سے ’’میری زبان خراب ہوجائے گی‘‘۔









