بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان مذاکرات کا تیسرا مرحلہ 18 گھنٹے جاری، کابل کی ہدایات نے پیش رفت روک دی

اسلام آباد (طارق محمود سمیر) استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا مرحلہ 18 گھنٹے طویل اجلاسوں کے بعد بغیر کسی حتمی نتیجے کے اختتام پذیر ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران افغان طالبان کے وفد نے متعدد مواقع پر پاکستان کے اس مؤقف سے اتفاق کیا کہ خوارج (ٹی ٹی پی) اور دہشت گردی کے خلاف مصدقہ، یقینی اور مشترکہ کارروائی ناگزیر ہے۔

ذرائع کے مطابق افغان وفد نے میزبانوں کی موجودگی میں بھی اس بنیادی نکتے کو درست تسلیم کیا، تاہم ہر بار کابل سے موصول ہونے والی ہدایات کے بعد ان کا مؤقف تبدیل ہو جاتا رہا، جس کے باعث بات چیت بار بار تعطل کا شکار ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران کابل سے ملنے والے غیر منطقی اور ناجائز مشورے ہی مذاکرات کے بے نتیجہ رہنے کی اصل وجہ بنے۔ اس کے باوجود پاکستان اور میزبان فریقین اب بھی معاملے کو سنجیدگی، تدبر اور سفارتی دانشمندی سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ایک آخری کوشش جاری ہے تاکہ طالبان کی ہٹ دھرمی کے باوجود کسی منطقی اور پرامن راستے سے مسئلہ حل کیا جا سکے۔ مذاکرات کے ایک ممکنہ آخری دور کی تیاریوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔