البانیہ کی مصنوعی ذہانت سے بنی وزیر ڈیلا کے ہاں 83 بچوں کی پیدائش جلد متوقع ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق البانیہ کے وزیر اعظم ایڈی راما نے برلن گلوبل ڈائیلاگ کانفرنس کے دوران البانوی اے آئی وزیر ڈیلا کے ہاں جلد ہی 83 بچوں کی پیدائش کا انکشاف کیا۔
وزیراعظم ایڈی کے مطابق ڈیلا کے ہاں جلد ہی 83 بچوں کی پیدائش متوقع ہے ، ان بچوں سے مراد حقیقی بچے نہیں بلکہ ڈیجیٹل اے آئی معاونین ہیں جو برسر اقتدار سوشلسٹ پارٹی کے 83 ارکانِ پارلیمنٹ کے لیے بطور اسسٹنٹ کام کریں گے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ہر اے آئی بچہ ایک معاون کے طور پر کام کرے گا،یہ بچے پارلیمانی اجلاسوں میں شرکت کریں گے، اجلاسوں میں ہونے والے تمام معاملات کا ریکارڈ رکھیں گے، نوٹس بنائیں گے اور ارکان پارلیمنٹ کو تجویز بھی پیش کریں گے۔
ایڈی راما کا کہنا تھا کہ مثال کے طور پر، اگر کوئی رکن دوران اجلاس کافی پینے جائے تو یہ آے آئی اسسٹنٹ اجلاس میں ہوئے معاملات سے اس رکن کو باخبر رکھیں گے جب کہ حریف پر جوابی حملے کے لیے تجویز بھی پیش کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیلا کے ان بچوں کو اپنی ماں کا علم ہوگا ، یہ بچے یورپی یونین کے قوانین کی معلومات سے ہم آہنگ ہوں گے اور سال 2026 تک مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے۔
البانیہ میں دنیا کی پہلی AI-generated وزیر کا تعارف
واضح رہے کہ رواں برس ستمبر میں دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ البانیہ میں مصنوعی ذہانت سے بنی وزیر کو متعارف کروایا گیا تھا۔
البانوی لباس میں ملبوس خاتون اے آئی وزیر جن کا نام البانوی نام ڈیلا یعنی ’سورج‘ ہے جس نے اپنے پہلے خطاب میں بتایا تھا کہ میں انسانوں کی جگہ لینے کے لیے نہیں بلکہ اُن کی مدد کرنے کے لیے ہوں۔









