پشاور میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے تعلق کے الزام میں سیل کیے گئے نجی اسکول کو پشاور ہائیکورٹ نے کھولنے کا حکم دے دیا۔ اسکول انتظامیہ نے اسکول کی بندش کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔
نجی نیوز میڈیا کے مطابق عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئےصوبائی حکومت اور دیگر فریقین سے 14 دن کے اندر جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار چارسدہ کے علاقےعمرزئی حاجی آباد میں ایک نجی اسکول کے پرنسپل ہیں۔ درخواست کے مطابق فریقین نے اسکول کو محض ٹی ایل پی سے تعلق کے شبہے پر سیل کیا، حالانکہ اسکول میں 1300 سے زائد بچے زیرِ تعلیم ہیں۔ اسکول انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ادارے کوبغیر کسی تحریری حکم کے بند کیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسکول کی بندش سے بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی، جوآئین کے آرٹیکل 10-اے (منصفانہ سماعت کے حق) کی خلاف ورزی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ اسکول کو بند کرنا قانونی طور پر غیر ضروری اقدام تھا۔
پشاور ہائیکورٹ نے موجود ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ وہ اسکول سیل کیے جانے کی تفصیلات کی تصدیق کریں اور14 روز میں تحریری جواب جمع کرائیں۔
عدالت نے مزید حکم دیا کہ فریقین اگلی سماعت تک اسکول کو ڈی سیل کریں تاکہ بچے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
ٹی ایل پی سے تعلق کے الزام پر سیل کیا گیا نجی اسکول پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر ڈی سیل








