بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس: نجی بنک کے 12 ارب کے منجمد شیئرز ڈی فریز کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نجی بینک کے 12 ارب روپے کے منجمد شیئرز ڈی فریز کرنے کے احتساب عدالت کے فیصلے کو فوری معطل کرنے کی قومی احتساب بیورو (نیب) کی استدعا مسترد کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو نے نیب کی اپیل پر سماعت کی، جس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔ عدالت نے فوری کارروائی روکنے کی نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کیس سے متعلقہ دستاویزات متفرق درخواست کے ذریعے جمع کرائی جائیں۔
چیف جسٹس نے نیب کو کہا کہ متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت کی جائے گی۔ سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے موقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت نے شیئرز ڈی فریز کر کے اپنے اختیار سے تجاوز کیا ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ نیب نے شیئرز کو فریز کر کے گزشتہ چھ ماہ سے متاثرہ شخص کو نقصان پہنچایا، جبکہ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ نجی بینک کے شیئرز ہیں اور ہم کسی کو فائدہ نہیں پہنچا رہے۔
سماعت میں یہ بھی بحث ہوئی کہ سپریم کورٹ نے آرٹیکل 184/3 کے تحت نیب کو تحقیقات کے لیے عملدرآمد بنچ بنانے کا حکم دیا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کوئی بادشاہ سلامت نہیں، بلکہ ہائی کورٹ قانون کے مطابق آرڈر کرتی ہے اور مکمل انصاف یقینی بناتی ہے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ کیس سے متعلق تمام دستاویزات جمع کرائیں، اور سماعت کو بعد میں ملتوی کر دیا گیا۔