پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی تعاون کے فریم ورک کا اعلان کردیا
پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی اقتصادی تعاون کے فریم ورک کو متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ ریاض میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کے دوران سامنے آیا، جس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق، اس فریم ورک کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تاریخی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اس کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔ ترجیحی شعبوں میں توانائی، صنعت، کان کنی، آئی ٹی، سیاحت، زراعت اور فوڈ سکیورٹی شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق، دونوں ممالک بجلی کی ترسیل کے منصوبے پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تیاری کر رہے ہیں اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
دونوں ممالک کی قیادت پائیدار شراکت داری کے قیام کی خواہاں ہے اور اعلیٰ سطح کی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس کے انعقاد کے منتظر ہیں تاکہ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔









