دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی ایمازون نے اپنے کارپوریٹ شعبے میں 14 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ کمپنی کی جانب سے مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے کردار اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت کے تناظر میں لیا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ کمپنی ممکنہ طور پر 30 ہزار ملازمین کو فارغ کر سکتی ہے، لیکن اب حتمی تعداد 14 ہزار رکھی گئی ہے۔
ایمازون کی سینیئر نائب صدر بیتھ گیلیٹی نے ملازمین کو لکھے گئے نوٹ میں بتایا کہ یہ اقدام کمپنی کو زیادہ مضبوط بنانے اور وسائل کو ایسے شعبوں میں منتقل کرنے کے لیے ضروری ہے جو کمپنی اور صارفین کے موجودہ اور مستقبل کے لیے اہم ہیں۔ اُن کے مطابق، مصنوعی ذہانت انٹرنیٹ کے بعد سب سے بڑی تبدیلی لا رہی ہے اور اس نے کام کی رفتار اور جدت میں بے مثال اضافہ کیا ہے۔
گیلیٹی نے کہا کہ کمپنی اپنے ڈھانچے کو زیادہ مؤثر اور اختیارات والے بنانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ صارفین اور کاروبار کے لیے تیزی سے کام کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کمپنی متاثرہ ملازمین کی مدد کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جہاں ممکن ہو انہیں کمپنی کے اندر نئی ذمہ داریاں دی جائیں گی، اور جہاں ایسا ممکن نہ ہو، وہاں اسپیشل پیکج اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایمازون کے دنیا بھر میں 15 لاکھ سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں، جن میں سے 14 ہزار کی چھانٹی کمپنی کے کارپوریٹ شعبے کو متاثر کرے گی۔









