بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

واٹس ایپ کا نیا فیچر: فون اسٹوریج کے مسئلے کا آسان حل

واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے والا ہے جو اسمارٹ فون کی اسٹوریج بھرنے کے مسئلے کو آسانی سے حل کر سکتا ہے۔
واٹس ایپ پر روزانہ بھیجے اور موصول ہونے والے میسجز، تصاویر اور ویڈیوز فون کی اسٹوریج تیزی سے بھر دیتے ہیں، مگر نیو اسٹوریج مینجمنٹ نامی یہ فیچر صارفین کو ہر چیٹ کے لیے اسٹوریج کو منظم کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ابھی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژنز میں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ صارفین ہر چیٹ کی کانٹیکٹ انفارمیشن اسکرین میں جا کر یہ فیصلہ کر سکیں گے کہ کون سی میڈیا فائلز جیسے تصاویر، ویڈیوز یا PDF فون میں محفوظ رہیں۔
اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ صارفین کو چیٹ چھوڑے بغیر براہ راست ہر چیٹ کے انفارمیشن پیج سے اسٹوریج مینج کرنے کی سہولت ملے گی۔ ساتھ ہی newest، oldest اور largest جیسے فلٹرز کے ذریعے بڑی فائلز کو آسانی سے تلاش کیا جا سکے گا۔ صارفین چاہیں تو متعدد فائلز کو ایک ساتھ ڈیلیٹ یا اسٹار کر کے محفوظ بھی کر سکتے ہیں تاکہ بعد میں انہیں آسانی سے تلاش کیا جا سکے۔
اب تک اسٹوریج مینجمنٹ فیچر صرف سیٹنگز کے ذریعے دستیاب تھا، لیکن اسے ہر چیٹ کے ساتھ جوڑنے سے صارفین کے لیے یہ عمل زیادہ تیز اور سہل ہو جائے گا۔
چونکہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژنز میں ہے، اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
یہ فیچر یقینی طور پر ان صارفین کے لیے خوشخبری ہے جو واٹس ایپ پر بھیجے جانے والے میسجز کی وجہ سے فون کی اسٹوریج بھرنے کے مسئلے سے پریشان ہیں۔