بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی: گورنر خیبرپختونخوا کے میڈیا ایڈوائزر کی چھینی گئی گاڑی برآمد

کراچی میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) پولیس نے گورنر خیبرپختونخوا کے میڈیا ایڈوائزر علی ایوب سے اسلحے کے زور پر چھینی گئی گاڑی برآمد کر لی۔
پولیس کے مطابق، پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ ذرائع کی مدد سے کی گئی کارروائی کامیاب رہی۔ برآمد شدہ گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ (BRA-996) نصب تھی، جبکہ گاڑی کا اصل رجسٹریشن نمبر BKP-342 ہے۔
ایس ایس پی امجد شیخ نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے واردات میں ملوث ملزمان کی شناخت سجاد لاشاری، عمران سرائیکی، عبید پنجابی اور شہزاد لاشاری کے ناموں سے کر لی گئی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں اور ان کے جلد پکڑے جانے کی توقع ہے۔
برآمد شدہ گاڑی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میڈیا ایڈوائزر علی ایوب کے حوالے کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ واردات 22 اکتوبر کو کراچی کے ایف بی صنعتی ایریا تھانے کے حدود میں طاہرولا چورنگی کے قریب ہوئی تھی، جب نامعلوم مسلح ملزمان نے علی ایوب کی گاڑی اسلحے کے زور پر چھین لی تھی اور فرار ہو گئے تھے۔