پی آئی اے نے سعودی عرب کی نئی ایئر لائن ریاض ایئر کے ساتھ ایک اہم اور تاریخی کارگو معاہدہ طے کر لیا ہے۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق، اس معاہدے کے تحت پاکستان اور لندن سے کارگو ریاض پہنچایا جائے گا، جہاں سے دونوں ایئر لائنز کے نیٹ ورک کے ذریعے سامان اپنی منزل تک منتقل کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ 29 اکتوبر سے باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد پی آئی اے کے کارگو آپریشنز کو وسعت دینا اور ادارے کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے، اور یہ قدم عالمی فضائی کارگو کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پی آئی اے پہلے ہی برٹش ایئرویز کے ساتھ کامیاب کارگو معاہدہ رکھتی ہے، جس کے تحت ہر سال تقریباً 1000 ٹن کارگو برطانیہ منتقل کیا جاتا ہے۔ یہ نیا معاہدہ بھی پی آئی اے کی مضبوط کاروباری حکمت عملی کا حصہ ہے اور ادارے کے عالمی نیٹ ورک کو مزید مضبوط کرے گا۔
پی آئی اے اور سعودی عرب کی ریاض ایئر کے درمیان تاریخی کارگو معاہدہ








