بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم اور صدر کی ترکیہ کے 102ویں یوم جمہوریہ پر دلی مبارکباد

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کئی دہائیوں کے دوران صدر ایردوان کی جرات مندانہ اور متحرک قیادت میں ترکیہ کی شاندار تبدیلی اور معاشی بحالی نے عالمی پذیرائی حاصل کی ہے۔

ترکیہ کے یوم جمہوریہ کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ کے 102ویں یوم جمہوریہ کے پرمسرت موقع پر، میں اپنے پیارے بھائی صدر رجب طیب ایردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کو اپنی پرتپاک مبارکباد پیش کرنے میں پاکستانی عوام کے ساتھ شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ترک بھائیوں کے کارناموں پر بہت فخر ہے اور ترقی کے اس سفر میں ان کے ثابت قدم ساتھی ہیں، پاکستان اور ترکیہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے کے بندھن سے جڑے ہوئے ہیں جو جغرافیہ اور وقت سے بالاتر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے تعلقات صدر ایردوان کی مدبرانہ رہنمائی میں اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں، کیونکہ ہم مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں اپنے وقت کی آزمائش اور پائیدار تعلقات کی وسیع صلاحیت کو بڑھانے کے لیے مل کر کوشش کر رہے ہیں۔

صدر زرداری کا پیغام

صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ترک قوم کی استقامت اور وژن دنیا بھر کے لیے مشعلِ راہ ہے، مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت نے اصلاحات و ترقی کی نئی راہیں کھولیں۔

ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ پر دلی مبارکباد دیتے صدر نے کہا کہ علامہ اقبال اور قائدِاعظم نے ترک قیادت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مذہبی، تاریخی اور باہمی احترام کے رشتوں میں بندھے ہیں۔ ہر مشکل گھڑی میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

صدر زردای نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعلقات مضبوط اور متحرک ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ اللہ تعالیٰ ترکیہ کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔ پاکستان، ترکیہ کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ترکیہ کے یوم جمہوریہ پر ترک قوم اور صدر رجب طیب اردوان کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ترکیہ کی خودداری، استقامت اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ مصطفیٰ کمال اتاترک کے وژن سے شروع ہونے والا سفر آج صدر اردوان کی قیادت میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی مدبرانہ قیادت نے ترکیہ کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے دل کسی جغرافیائی حد کے پابند نہیں، ہر مشکل گھڑی میں ترکیہ نے پاکستان کا ساتھ دیا، چاہے زلزلے ہوں، سیلاب ہوں یا جنگ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کا اصولی موقف آج بھی پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ پاکستان اور ترکیہ اب اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام ترکیہ کی ترقی اور صدر اردوان کی قیادت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ پاک ترک دوستی، دو دل، ایک جذبہ، ایک منزل، امن، ترقی اور بھائی چارہ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ترک قوم اور صدر رجب طیب اردوان کو دلی مبارکباد دی۔