راولپنڈی:انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت میں جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے، حاضری لگوائی اور بعد ازاں روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر صحافی کے سوال پر کہ انہوں نے تازہ صورتحال پر کیا کہنا ہے، شیخ رشید نے جواب دیا کہ ’’کیا کہیں، پھر تاریخ ہوگئی۔ تاریخ پر تاریخ، کیس پر کیس ہیں۔‘‘
عدالتی کارروائی کے دوران صرف ملزمان کی حاضری لگائی گئی جبکہ چالان نقول کی تقسیم کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق آئندہ سماعت پر چالان نقول تقسیم کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
سانحہ 9 مئی کے ان مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ 4 پر حملہ کیس، میٹرو بس اسٹیشن کو آگ لگانے، آرمی میوزیم پر حملہ، صدر میں حساس ادارے کی عمارت پر حملہ اور مری روڈ پر حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے کیس شامل ہیں۔
عدالت میں پیش ہونے والے دیگر ملزمان نے بھی حاضری لگوائی اور کارروائی کے بعد روانہ ہوگئے۔









