سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے نواحی علاقے چلتن کے پہاڑی سلسلوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کاروائی کالعدم تنظیم کے کیمپوں کے خلاف کی گئی، مارے گئے تمام افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں افغانستان سے متصل صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی لہر میں تیزی کے ساتھ ہی سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
30 ستمبر اور یکم اکتوبر کی درمیانی شب سیکیورٹی نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع کیچ میں 2 الگ الگ کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا، یکم اکتوبر کو ہی کوئٹہ اور شیرانی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 18 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔
4 اکتوبر کو خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی کاررائی میں فتنۃالہندوستان کے 14 دہشت گرد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
17 اکتوبر کو خاران میں پولیس کے قافلے پر حملے میں ایس ایچ او قاسم بلوچ شہید ہوگئے تھے، 19 اکتوبر کو بلوچستان میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیاں کرنے والا فتنۃ الہندوستان کا انتہائی مطلوب دہشتگرد سرغنہ جمیل عرف ٹیٹک مارا گیا تھا۔
21 اکتوبر کو سبی ٰمیں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے تھے، 22 اکتوبر کو بلوچستان کے علاقے دالبندین میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔









