بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی باڑ کے قریب چیتا آنے سے حکام میں کھلبلی

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی باؤنڈری کے قریب اچانک چیتا نظر آنے سے حکام میں کھلبلی مچ گئی۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کو اطلاع دے دی۔
ذرائع کے مطابق، چیتا گزشتہ رات ایئرپورٹ کی باڑ کے قریب دیکھا گیا۔ اس کی موجودگی کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور پٹرولنگ پر موجود اہلکاروں نے بھی نوٹ کیا۔ فوٹیج میں چیتے کو باڑ کے ساتھ ساتھ جنگل کی سمت بھاگتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ابتدائی طور پر واقعے کی اطلاع محکمہ وائلڈ لائف اسلام آباد کو دی گئی، تاہم چونکہ ایئرپورٹ کا علاقہ پنجاب کی حدود میں آتا ہے، اس لیے معاملہ بعد ازاں محکمہ وائلڈ لائف پنجاب، راولپنڈی کے حوالے کر دیا گیا۔
وائلڈ لائف کی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور وہاں سے چیتے کے پنجوں کے نشانات بھی دریافت کیے، تاہم چیتا اس وقت تک گھنے جنگل کی جانب جا چکا تھا۔
محکمہ وائلڈ لائف کے حکام نے بتایا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ جنگل سے متصل باڑ کو مضبوط کیا جائے اور آئندہ چار سے پانچ روز تک علاقے کی نگرانی جاری رکھی جائے۔ اگر چیتے کی دوبارہ نقل و حرکت دیکھی جائے تو فوراً اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
دوسری جانب، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) کے مطابق، چیتا ایئرپورٹ کے باہر سول ایریا کی جانب دیکھا گیا تھا، اور فی الحال مسافروں یا ایئرپورٹ عملے کے لیے کسی خطرے کی اطلاع نہیں ملی۔