اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے کرایہ داری سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ کر دیا، وزارتِ ہاؤسنگ و ورکس نے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جو یکم نومبر 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان وزارت ہاؤسنگ کے مطابق نئی کرایہ داری سیلنگ کی شرحیں فنانس ڈویژن کی مشاورت سے طے کی گئی ہیں، اور اس کا اطلاق وفاقی حکومت کے تمام ملازمین بی ایس-1 تا 22 پر ہو گا۔
ترجمان وزارت ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ اضافے کا اطلاق فی الحال 6 بڑے اسٹیشنز پر کیا گیا ہے، وزارت کے مطابق بڑے شہروں میں بڑھتے ہوئے کرایوں کے پیشِ نظر یہ فیصلہ سرکاری ملازمین کے لیے قابلِ قدر ریلیف ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے فیصلے کو ملازمین کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ ملازمین کی سہولت اور فلاح کے لیے پُرعزم ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں اس وقت17 ہزار 400 سرکاری رہائشی مکانات موجود ہیں جبکہ 43 ہزار سے زائد رجسٹرڈ درخواست گزار سرکاری رہائش کے منتظر ہیں۔









