اسلام آباد:( نیوزڈیسک ) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ27ویں آئینی ترمیم کا فیصلہ پہلے ہو چکا ہے، پیپلزپارٹی ٹوپی ڈرامے میں شریک ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ آج ہم نے اپوزیشن کا ہنگامی اجلاس بلایا تھا،27 آئینی ترمیم کا پنڈورا باکس کھولا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بلاول کا بھی جو ٹویٹ آیا ہے تشویشناک ہے، پی پی پی بھی اِس ٹوپی ڈرامے میں شریک ہے، آئینی ترمیم کا فیصلہ پہلے ہو چکا ہے، اب صرف لوگوں کو دکھانے کے لئے کیا جا رہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ایک پی پی پی تھی ذولفقار بھٹو والی جس نے آئین کی بنیاد رکھی، دوسری بینظیر بھٹو والی جس نے جمہوریت کے لئے جان دے دی، آج کی پی پی پی جمہوریت کو دفن کرنے کے لئے جان لگا رہی ہے، میاں صاحب کانعرہ اب ووٹ کو عزت دو کہاں گیا؟
اسد قیصر نے کہا کہ اِس اقتدار کا آپ نے کیا کرنا ہے جو پاؤں پڑنے کی بنیاد پر دیا جائے، نواز شریف خودکو ووٹ کو عزت دینے کا چمپیئن سمجھ رہے تھے وہ خاموش ہیں، ہم نے بانی پی ٹی آئی کو بھی اپنی سفارشات بھیجی ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جاتی ہے تو پریس ریلیز جاری کر دیں، ہم ہرصورت جمہوریت اور آئین کی بالا دستی کے لئے عوام کے پاس بھی جائیں گے، ہم اس پر پارلیمنٹ میں بھی بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔









