بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

27ویں ترمیم حکومتی اقدام، میں 28ویں کی تیاری پر کھڑا ہوں، فیصل واڈا

 

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ 27ویں ترمیم حکومت کا اقدام ہے، وہ ہی سب سے رابطے کرے گی، 27ویں ترمیم کے لیے بے تاب نہ ہوں، میں تو 28ویں کی تیاری پر کھڑا ہوں۔

سینیٹر فیصل واڈا نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، مولانا فضل الرحمٰن بڑے مضبوط سیاستدان ہیں،27ویں ترمیم کے معاملات کو دیکھیں اور سمجھیں گے۔

ہماری تجاویز پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے وہ اِن تجاویز کا جائزہ لیں گے، سربراہ جے یو آئی (ف) نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، ملکی سیاست میں اُن کا اہم کردار ہے، ملکی سلامتی کے لیے ہمیشہ مولانا فضل الرحمٰن کو آگے پایا، اُن سے بات کرنی تھی، کر لی اور جو انہوں نے ہمیں بتانی تھیں وہ بتا دی ہیں۔

نمبر گیم پر ہونے والے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے نمبرز پر بات نہیں کی۔

سابق پی ٹی آئی رہنما کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ نوجوان سہیل آفریدی کا آگے آنا اچھی بات ہے، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، اگراسلام آباد آ کر انتشار کی سیاست کریں گے تو پھینٹا بھی لگے گا اور پابندی بھی۔

فیصل واڈا نے کہا کہ سائبر جنگ، بیانیے کی جنگ اور معیشت کی جنگ بھی ہوتی ہے، اپنی افواج کو انرجی دینے کی ضرورت ہے، افواج مضبوط ہوگی تو ملک کا دفاع بھی مضبوط ہوگا، جنگ صرف زمین، سمندر اور فضا میں نہیں ہوتی۔

سینیٹر فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ دفاع کو مضبوط کرنے کے لیےجو ترامیم چاہیں، وہ ہو جائیں گی، پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔