بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی ایم ایف کی حکومت کو نئے این ایف سی ایوارڈ میں تکنیکی معاونت کی پیشکش

 

اسلام آباد:(نیوز ڈیسک )
آئی ایم ایف نے حکومت کو نئے این ایف سی ایوارڈ میں تکنیکی معاونت کی پیشکش کردی، نئے این ایف سی فارمولے میں آبادی کا حصہ کم جب کہ تعلیم، صحت اور ٹیکس وصولی جیسے عوامل کو شامل کرنے پر غورکیا جارہا ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وفاقی اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے نیا فارمولا تیار کرنے کی کوششوں کی تناظر میں آئی ایم ایف نے بھی حکومت کو تیکنیکی معاونت کی پیش کش کی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ ابھی این ایف سی پر باقاعدہ مشاورت نہیں ہوئی، ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ نئے این ایف سی کا فارمولا کیا ہوگا تاہم نیا این ایف سی فارمولا طویل المدتی قومی مفاد مدنظر رکھ کر طے ہوگا، این ایف سی فارمولے میں تبدیلی کی ضرورت پر غور جاری ہے۔

حکام وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ملک میں کئی آبادیاتی و ساختی تبدیلیاں واقع ہو چکی ہیں، وفاق اور صوبوں کے درمیان فارمولے پر ازسرنو مشاورت کی تجویز زیرغور ہے، مجوزہ نئے این ایف سی ایوارڈ میں آبادی کا حصہ 82 فیصد سے کم کرنے کی تجویز ہے وفاقی اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم میں تعلیم، صحت اور ٹیکس وصولی جیسے عوامل شامل کرنے پر غور جاری ہے۔

24 کروڑ 15 لاکھ سے زائد آبادی کو نئے فارمولے کی بنیاد بنانے کی تجویز ہے۔ کارکردگی اور ماحولیاتی اقدامات پر وسائل کی تقسیم کا نیا فارمولا بھی زیرغور ہے، وفاق اور صوبوں کے مالی اختیارات کی ازسرنو وضاحت کی جائے گی۔