لاہور:(نیوز ڈیسک)لبرٹی ہوٹل میں مبینہ گینگ ریپ کیس کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس تفتیش کے مطابق مقدمے کی مدعیہ خاتون خود واقعے کی ذمہ دار نکلی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق خاتون ایک نجی ہوٹل میں پارٹی کرنے کے لیے آئی تھی اور اپنے ساتھ نشہ آور گولیاں بھی لے کر آئی تھی۔ رات بھر پارٹی جاری رہی جس کے بعد صبح کے وقت خاتون نے 15 پر کال کرکے واقعے کی اطلاع دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عدالت میں پیشی کے دوران مدعیہ نے اپنا میڈیکل کروانے سے انکار کردیا جس سے واضح ہوگیا کہ کسی قسم کا گینگ ریپ واقع نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق خاتون اس سے قبل بھی اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں پارٹی کے دوران پکڑی جاچکی ہے۔ تفتیشی افسران نے بتایا کہ مقدمہ درج کروانے کے پسِ پردہ محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر الزامات جھوٹے ثابت ہوئے تو مدعیہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









