اسلام آباد(نیوز ڈیسک)انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 8 رہنماؤں کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جن میں اسد قیصر، شبلی فراز، عمر ایوب اور علی نواز اعوان سمیت دیگر شامل ہیں۔
دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے کی، تاہم بار بار طلبی کے باوجود کوئی بھی پی ٹی آئی رہنما عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
مسلسل غیرحاضری پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے جج نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مذکورہ افراد کو 11 نومبر تک عدالت میں پیش کیا جائے، بعد ازاں سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی گئی۔
یہ مقدمہ انسدادِ دہشت گردی کے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے درج کیا تھا، جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر دہشت گردی کے زمرے میں آنے والی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔









