کراچی (نیوز ڈیسک )معروف ٹی وی میزبان و کامیڈین ایاز سموں نے کہا ہے کہ اداکاراؤں کی طرح مرد اداکار بھی بوٹوکس کرواتے ہیں اور انہیں ایسے پروسیجرز کروانا غلط نہیں لگتا۔
ایاز سموں نے حال ہی میں ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دران بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کپل شرما بہترین اداکار بھی ہیں لیکن اگر ان کی اداکاری نہیں چلی تو نہیں کوئی بات نہیں، وہ سب سے بہترین ٹی وی میزبان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کپل شرما ٹی وی میزبانی سے اتنے پیسے کمالیتے ہیں تو انہیں اداکاری کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں پاکستان کے دیگر ٹی وی میزبانوں کی طرح اپنے ساتھ مزید کامیڈینز رکھنے کا شوق نہیں، انہیں تنہا پروگرام کرنا اچھا لگتا ہے۔
ایاز سموں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وکی پیڈیا سمیت دیگر ویب سائٹس پر ان کی عمر درست لکھی ہوئی ہے، وہ 38 سال کے ہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی اپنی عمر نہیں چھپائی، وہ صحت مند رہنے کے لیے خوش رہنے کی کوشش کرتے ہیں جب کہ وہ سخت ڈائٹ پر بھی یقین نہیں رکھتے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج کل کے زمانے میں خواتین کی طرح مرد بھی بوٹوکس سمیت دیگر پروسیجرز کرواتے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بوٹوکس سمیت خوبصورتی کے دیگر پروسیجرز کروانے والے افراد سے دوسروں کو مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، وہ اپنے پیسے خرچ کرتے ہیں، چہرہ بھی ان کا اپنا ہوتا ہے اور پروسیجرز کے سائڈ افیکٹس بھی وہ خود برداشت کرتے ہیں۔
ایاز سموں کے مطابق انہیں یقین ہے کہ خواتین کی طرح مرد بھی خوبصورتی بڑھانے کے پروسیجرز کرواتے ہوں گے، اداکاراؤں کی طرح اداکار بھی بوٹوکس کرواتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مردوں کے لیے بھی اب وہ تمام پروسیجرز آ چکے ہیں جو خواتین اپنی خوبصورتی بڑھوانے کے لیے کرواتی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ کسی طرح کا خوبصورتی بڑھانے کا کوئی پروسیجرز نہیں کرواتے۔









