بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرتی ہے، سینیٹر علی ظفر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرتی ہے، آئین میں ترمیم کسی عمارت کی بنیاد سے چھیڑ چھاڑ ہے۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ آئین کے 5 ستون ہیں، ایک بھی ستون کو ہلائیں گے، تو بڑی تباہی ہو جائے گی، 1973ء میں آئین آیا تو کہا گیا کسی جماعت یا کسی ایک شخص کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے۔

علی ظفر نے کہا کہ آپ کسی عمارت کی بنیاد کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، آمروں کے درو میں آئینی ترامیم میں بھی بڑا وقت لگا، 4 سے6 ماہ لگے، 18ویں آئینی ترمیم کو 9 ماہ لگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک وفاق ہے جس میں صوبے خود مختار ہیں، پارلیمنٹ عوام کے ووٹ سے بنتی ہے، وہ آئین کی پابند ہے، آئین میں قوم کو بنیادی حقوق دیے گئے ہیں، جن پر عمل درآمد کے لیے عدالتیں ہیں، ایک آزاد عدلیہ ہونی چاہیے۔

سینیٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ آئین کا ایک پرنسپل ہے، سویلین سپریمیسی ہونی چاہیے، بانی پی ٹی آئی کی حکومت ہٹا کر آئین کے توازن کو تہس نہس کرنا شروع کیا گیا، کس طرح عدلیہ کو استعمال کیا گیا، عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا۔