بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عالم اسلام متحد نہ ہوا تو حالت غزہ اور کشمیر جیسی ہوگی، خواجہ آصف

 

سیالکوٹ (نیوزڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر ہم اپنی اپنی مملکتیں بچاتے رہے اور ملکر نہ لڑے تو باری باری مشکل میں مبتلا ہوں گے جب کہ عالم اسلام متحد نہ ہوا تو پھر سب کی حالت غزہ اور کشمیر کی طرح ہو گی۔

خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں علامہ قبال کے یوم پیدائش پر منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں اقبال کے افکار پر چلتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امت اس وقت بھٹکی ہوئی ہے، غزہ سے کشمیر تک ظلم ہو رہا ہے، اللہ تعالی ہمیں ہمت اور طاقت دے کہ ہم مظلوم بہن بھائیوں کی مدد کر سکیں، مظلوموں کے کیلئے آواز بلند کر سکیں اور لڑ سکیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا اگر ہم اپنی اپنی مملکتیں بچاتے رہے اور ملکر نہ لڑے تو باری باری مشکل میں مبتلا ہوں گے، عالم اسلام نے لڑائی متحد ہو کر نہ لڑی تو پھر سب کی حالت غزہ اور کشمیر کی طرح ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ علامہ اقبال کے اردو و فارسی کلام کو ہمیشہ زندہ و جاوید رکھنا چاہیے اور ہمیں ان کے فلسفے اور خواب کی عملی تعبیر کے لیے کام کرنا چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم علامہ اقبال کے اصل پیغام سے دور ہوتے جارہے ہیں، حالانکہ انہوں نے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب دیکھا اور پوری زندگی محبت، عزم اور لگن کے ساتھ اس کے لیے کام کیا۔ ان کے فلسفہ اور شاعری کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔