راولپنڈی(نیوز ڈیسک )پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ایک روزہ میچ میں 300 رنز کا ہدف دے دیا۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ پر 299 رنز اسکور کیے۔گرین شرٹس کی طرف سے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے سری لنکن بولنگ لائن کے خلاف شاندار ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔
سلمان علی آغا نے 83 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی، وہ 87 گیندوں پر 105 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے، یہ ان کی ایک روزہ کرکٹ کی دوسری سنچری ہے۔
چھٹی وکٹ پر سلمان علی آغا کے ساتھ 66 رنز کی شراکت بنانے والے محمد نواز 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں حسین طلعت 62، فخر زمان 32 اور بابراعظم 29 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر تھے جبکہ صائم ایوب 6 اور محمد رضوان نے 5 رنز بنائے۔
سری لنکا کے بولر ونندوہسارانگا نے 54 رنز کے عوض 3 پاکستانی بیٹرز کو پویلین بھیجا۔
3 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی فیلڈنگ ہی کرتے، ہم اس سیریز میں بھی پچھلی سیریز کی طرح اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔
سری لنکن کپتان چیریتھ اسالنکا نے کہا کہ ہم سیریز میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان پلیئنگ الیون
پاکستان پلیئنگ الیون میں فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
یاد رہے کہ دوسرا ون ڈے 13 نومبر جبکہ تیسرا 15 نومبر کو کھیلا جائے گا۔









