بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’پامال‘ کی حالیہ قسط میں میاں بیوی کے بولڈ منظر پر ناظرین کی شدید تنقید

کراچی (نیوزڈیسک)ڈراما سیریل ’پامال‘ کی حالیہ قسط میں شوہر اور بیوی کے درمیان دکھائے گئے بولڈ منظر پر ناظرین کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔

ڈراما سیریل ’پامال‘ ان دنوں گرین انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جارہا ہے، جو شوہر اور بیوی کے درمیان دکھائے گئے تعلقات کی وجہ سے ناظرین میں خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

زنجبیل عاصم شاہ کے تحریر کردہ اس ڈرامے کی ہدایتکاری خضر ادریس نے کی ہے، جب کہ پروڈیوسر تحریم چوہدری ہیں، اس کی کاسٹ میں صبا قمر، عثمان مختار، حارث وحید اور سلمیٰ عاصم شامل ہیں۔

’پامال‘ کی کہانی ایک مصنفہ ملیکہ کے گرد گھومتی ہے، جس نے شادی سے پہلے اور بعد میں ایک مشکل زندگی گزاری، والد کے بغیر پرورش پانے والی ملیکہ بچپن سے شادی شدہ زندگی کو ایک پریوں کی کہانی سمجھتی ہے، مگر رضا سے شادی کے بعد اس کے خواب چکناچور ہوجاتے ہیں کیونکہ رضا اس کی توقعات پر پورا نہیں اترتا۔

ڈرامے میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ رضا اپنی بیوی پر شک کرتا ہے اور اس پر پابندیاں لگاتا ہے۔

اب تک ’پامال‘ کی بارہ اقساط نشر ہوچکی ہیں، جب کہ حالیہ قسط میں جھگڑے کے بعد رضا اور ملیکہ کی ہسپتال میں دوبارہ ملاقات دکھائی گئی ہے۔

کہانی کے ایک منظر میں دکھایا گیا ہے کہ ملیکہ، رضا کی حالت کے بارے میں جان کر ہسپتال پہنچتی ہے اور شوہر کو دیکھ کر اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتی اور اسے گلے لگا لیتی ہے۔

یہ منظر گرین انٹرٹینمنٹ نے بغیر کسی سینسرشپ کے نشر کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔

کئی صارفین نے اداکاروں اور چینل دونوں کو بولڈ مناظر دکھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔