بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی: ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے 3 طلبہ سمندر میں ڈوب کر جاں بحق

 

کراچی (نیوزڈیسک) منوڑہ کے ساحل پر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (ڈی یو ایچ ایس) کے فائنل ایئر کے تین طلبہ ڈوب کر جاں بحق جبکہ دیگر تین بچ گئے۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بچ جانے والے طلبہ کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، مزید بتایا گیا کہ 150 طلبہ پر مشتمل ایک گروپ ہاکس بے پر پکنک منانے گیا تھا، جبکہ اسی بیچ کے 15 طلبہ نے علیحدہ طور پر منوڑہ میں پکنک کی منصوبہ بندی کی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ ساحلی سیر ایک ’قدیم روایت‘ کا حصہ ہے جس میں فائنل ایئر کے طلبہ ایک ہفتہ جشن مناتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ایک طالب علم کے والد نے ایک ہٹ بک کرایا تھا، جہاں گروپ تفریح کے لیے گیا تھا۔یونیورسٹی انتظامیہ نے مزید کہا کہ 150 طلبہ کے لیے ہاکس بے جانے کا انتظام سیکیورٹی گارڈز اور تمام ضروری حفاظتی اقدامات کے ساتھ کیا گیا تھا۔

بیان میں وضاحت کی گئی کہ تاہم ڈاؤ میڈیکل کالج کی پرنسپل اور کالج انتظامیہ کو ان 15 طلبہ کی علیحدہ منوڑہ پکنک کے بارے میں اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ جو طلبہ ہاکس بے گئے تھے وہ بخیریت واپس کالج پہنچ گئے، جبکہ افسوسناک واقعہ منوڑہ میں پیش آیا۔

مزید بتایا گیا کہ دوپہر کے وقت ایک طاقتور لہر ایک طالب علم کو سمندر میں بہا لے گیا جبکہ دیگر اسے بچانے کے لیے آگے بڑھے تو حادثہ پیش آیا، جاں بحق طلبہ کی لاشیں کراچی کے سول ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔

بیان کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والے تین دیگر طلبہ کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے زخمی طلبہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔