ممبئی(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی نے انکشاف کیا کہ فلموں میں مار کھانے کے کرداروں کی وجہ سے والد نے مجھے گاؤں میں گھر آنے سے منع کیا تھا، تاہم گینگ آف واسع پور کے بعد صورتحال تبدیل ہوئی۔واضح رہےکہ 51 سالہ نوازالدین صدیقی کا شمار عصر حاضر کے بالی ووڈ کے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے، اسکی وجہ انکی اداکاری میں ہمہ جہتی اور کرداروں میں ڈوب کر کام کرنا ہے۔
تاہم اس مقام تک پہنچنے کا ان کا سفر آسان نہیں تھا، سرفروش اور منا بھائی ایم بی بی ایس میں مختصر اور معمولی کرداروں سے کیریئر کا آغاز کیا، جن میں وہ اکثر چھوٹے جرائم پیشہ یا پس منظر کے کردار ادا کرتے تھے۔نوازالدین صدیقی نے کہا کہ ان کا کیریئر 2012 کی فلم گینگز آف واسع پور سے اٹھا، یہی وہ فلم تھی جس کی وجہ سے انھیں والد کی جانب سے بھی تائید ملی۔
یوٹیوبر راج شامانی کے ساتھ گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ ابتدائی کرداروں نے والد کو بہت پریشان کیا۔ شروع کی فلموں میں ہمیشہ مار کھاتا رہتا تھا۔ سرفروش اور منا بھائی ایم بی بی ایس جیسی فلموں میں بھی ایسے ہی ہوا جس پر والد مجھ سے ناخوش تھے۔ان فلموں میں کردار کی وجہ سے میرے گاؤں کے لوگ میرے والد سے کہتے تھے کہ آپ کا بیٹا ہمیشہ فلموں میں مار کھا رہا ہے، وہ اس بات پر بہت پریشان تھے۔
نوازالدین صدیقی نے کہا ہمارا تعلق مغربی یوپی سے ہے، جہاں ہر کسی کو بہت غرور ہوتا ہے، والد نے مجھ سے پوچھا تم یہ کردار کیوں کرتے رہتے ہو؟ میں نے کہا، مجھے اور کچھ نہیں ملتا، اچھے کرداروں کی کوشش کر رہا ہوں۔ جس پر انھوں نے کہ فلموں میں مار کھا کر گھر نہیں آیا کرو۔ میں اتنا دل شکستہ ہوا کہ تین سال تک اپنے گاؤں کا رخ نہیں کیا۔
گینگ آف واسع پور کے بعد جب میں گائوں گیا تو والد سے پوچھا کہ اب کیا خیال ہے؟ جس پر وہ مسکرائے اور کہا اب تم نے بہت اچھا کام کیا ہے۔
جہاں تک موجودہ پروجیکٹ کا تعلق ہے تو نوازالدین حال ہی میں ہارر کامیڈی فلم تھاما میں نظر آئے، جس میں انکے ساتھ ایوشمان کھرانا اور رشمیکا مندانا بھی تھیں۔ اس دیوالی پر ریلیز ہونے والی اس فلم نے دنیا بھر میں 125 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔









