اسلام آباد: (نیوزڈیسک) موٹر وے پر بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
افسوسناک حادثہ موٹروے ایم ٹو بھیرہ کے قریب پیش آیا، اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس موقع پر پہنچ گئی، حادثے کے نتیجے میں بس ڈرائیور اور ہوسٹس موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
حادثے میں 25 مسافر زخمی ہوئے، جن میں سے ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا، تمام زخمیوں کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بھیرہ شفٹ کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو مبینہ طور پر نیند آنے کے باعث پیش آیا، جس کے باعث بس بے قابو ہو کر ٹرک سے ٹکرانے کے بعد درخت سے جا ٹکرائی۔









