بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سینیٹ ، کانگریس اور ٹرمپ کے دستخط، امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن ختم

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حکومتی فنڈنگ کے متعلق بل پر دستخط کیے جانے کے بعد ملکی تاریخ کا طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن ختم ہو گیا ہے۔اس سے قبل امریکی کانگریس کے ایوان زیریں نے حکومتی شٹ ڈاؤن کو ختم کرنے کا بل منظور کیا تھا۔

ایوانِ نمائندگان میں رائے شماری کے دوران بل کے حق میں 222 جبکہ مخالفت میں 209 ووٹ پڑے، چھ ڈیموکریٹ ارکان نے بھی ریپبلیکنز کا ساتھ دیتے ہوئے اس بل کی منظوری کے لیے ووٹ دیا تھا۔

اس بل پر دستخط کرنے سے قبل صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک کبھی اس سے بہتر حالت میں نہیں رہا، آج بہترین دن ہے۔

واضح رہے کہ 43 دن سے جاری شٹ ڈاؤن کی وجہ سے حالیہ ہفتوں میں ہزاروں سرکاری ملازمین بغیر تنخواہ کے کام کر رہے تھے جبکہ کئی کو رخصت پر بھیج دیا گیا اور کئی کو نکال دیا گیا تھا۔

اخراجاتی بل کی منظوری کے بعد حکومت کے لیے 30 جنوری تک فنڈز فراہم کیے جا سکیں گے جس سے حکومت کی مالی سرگرمیاں بغیر رکاوٹ جاری رہ سکیں گی، بل کا مقصد غذائی امدادی سکیموں کی بحالی، تنخواہوں کی ادائیگی اور ائیر ٹریفک کنٹرول نظام دوبارہ فعال کرنا بھی ہے۔