اسلام آباد(نیوزڈیسک) سعودی عرب اور بنگلادیش کے درمیان ہنرمندوں کے لیے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے بڑے ترقیاتی اور سیاحتی منصوبوں کے علاوہ صحت عامہ سے متعلق شعبوں میں بنگلہ دیش کے ہنر مندوں کے لیے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع کے حوالے سے گزشتہ روز معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
سعودی سفیر نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ آئندہ ماہ تین لاکھ بنگلادیشی شہریوں کو روزگار دیا جائے گا۔
دونوں ملکوں کے درمیان فراہمی روزگار اور فراہمی کارکنان کے سلسلے میں دستخط اکتوبر 2025 میں کیے گئے ہیں۔ جس میں غیر ہنر مند اور ہنر مند دونوں طرح کے کارکنوں کے لیے روزگار کی سہولت پیدا کی گئی ہے۔ یہ بات ڈھاکہ میں سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر عبداللہ ظفر نے بتائی ہے۔
انہوں نے کہا کارکنوں کو وقت پر تنخواہیں دلوانے اور ان کے روزگار کے سلسلے میں شفافیت کو بہتر کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں اور ملازمت کے دوران پیدا ہونے والے بعض مسائل اور تنازعات کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے گیے ہیں۔ جبکہ کارکنوں کو سعودی عرب جانے سے پہلے ہی سعودی عرب کے بارے میں آگاہی کے لیے اوری اینٹیشن کا اہتمام کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اس وقت سعودی عرب میں کام کرنے والے بنگلہ دیشی کارکنوں کی بڑی تعداد تعمیراتی شعبے سے وابستہ ہے۔ اگلے چند برسوں میں اور اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب 36 لاکھ بنگلادیشی پہلے ہی کاموں پر موجود ہیں جو اپنے ملک میں 5 ارب ڈالر کی ترسیلات زر سعودی عرب سے بھیجتے ہیں۔
سعودی عرب کی اس لیبر مارکیٹ کو بنگلہ دیشی شہریوں نے 1970 کی دہائی سے جوائن کر رکھا ہے۔ بنگلہ دیشی کارکنوں کی تعداد سعودی عرب میں ان چند ملکوں میں سے نمایاں ہے جن کے سب سے زیادہ لوگ سعودی عرب میں کام کے لیے موجود ہیں۔









