لاہور (نیوزڈیسک) اسکولوں میں ہفتے کی چھٹی کے حوالے سے طلبا کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، اب طلبہ ہفتے میں دو چھٹیوں سے مستفید ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے پارٹنر اسکولوں کے اوقات کار اور ہفتہ وار تعطیل کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ہفتہ کی چھٹی کا اعلان کر دیا۔
اس سے قبل پیف کے اسکولوں میں صرف اتوار کی تعطیل ہوا کرتی تھی، تاہم اب طلبہ ہفتے میں دو چھٹیوں سے مستفید ہوں گے۔
پیف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے نئے اوقات کار 8:45 صبح سے 1:30 دوپہر تک ہوں گے جبکہ جمعہ کے روز کلاسز 12:30 بجے ختم ہوں گی۔ نیا شیڈول 15 اپریل 2026 تک نافذالعمل رہے گا۔
گزشتہ ماہ پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کے اوقات کار میں اسموگ کی شدت کے باعث تبدیلی کی تھی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پیر سے جمعرات تک اسکول 8:45 صبح سے 1:30 بجے تک اور جمعہ کے روز 8:45 سے 12:30 بجے تک چلیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا تھا کہ اسموگ کی خراب صورتحال کے پیش نظر طلبہ کی صحت اور حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اسکول ٹائمنگز میں ردوبدل لازمی تھا۔
دریں اثناء سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے آنے والی ہوائیں لاہور میں آلودگی کی سطح بڑھانے کا باعث بنتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اسموگ میں کمی اور عوام کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات نافذ کیے ہیں۔
خیال رہے مرکزی پنجاب کے کئی اضلاع، خصوصاً لاہور میں، فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے جس سے کھلی فضا میں سانس لینا بھی مضر صحت ہوگیا ہے۔









