بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر مملکت ، تاجک وزیر دفاع ملاقات، معاشی، دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (نیوزڈیسک) تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل صابر زادہ امام علی عبدالرحیم کی صدر آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی۔

تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف طاہر، کرنل رسول زادہ کریم عبد الرسول، میجر جنرل حاکم زادہ ظریف یونسی اور میجر جنرل امان الّلہ زادہ امین جان امان الّلہ بھی وفد میں شامل تھے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ معاشی و دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، صدرِ مملکت نے تاجکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو باہمی احترام، مشترکہ ثقافت اور تعاون پر مبنی قرار دیا۔

آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی اور دفاعی روابط کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان تاجکستان کے ساتھ سیاسی، ثقافتی اور عوامی روابط بڑھانے کا خواہاں ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ تاجکستان وسطی ایشیا کا دروازہ ہے، پاکستان تاجکستان کیلئے سمندر تک رسائی کا راستہ ہے، کاسا 1000 منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پُرعزم ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی رابطوں کے فروغ میں دونوں ممالک کا کلیدی کردار ہے، اعلی سطح کے دفاعی قیادت کے مسلسل رابطوں کی وجہ سے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دفاعی تعاون کو ایک نئی جہت ملی ہے۔

گفتگو کے دوران تعلیم، توانائی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، سینیٹر شیری رحمٰن اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی ملاقات میں موجود تھے۔