بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید ججز کے استعفوں کا عندیہ دیدیا

لاہور:(نیوزڈیسک) پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ابھی کچھ استعفے مزید بھی آئیں گے، اور یہ کھینچا تانی چیف جسٹس بننے کے لیے ہو رہی ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کے ذریعے پارلیمنٹ کے اختیارات محدود کرنے کی کوشش کی گئی جس کی وجہ سے پارلیمنٹ اکثر اپنے حقوق کے لیے بات کرتے ہوئے بھی محتاط رہتی تھی، لیکن اب یہ صورتحال تبدیل ہونی چاہیے۔

اُنہوں نے نوجوانوں اور خواتین کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو آج پڑھے لکھے نوجوانوں کی ضرورت ہے اور تعلیم یافتہ خواتین معاشرے کی بنیاد ہیں، بدلتے ہوئے دور میں بچیوں کی تعلیم کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے اور پرانے فرسودہ نظریات کو دفن کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ بچیوں کو خود اپنے روشن مستقبل کی ضمانت دینے کے قابل بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور سرکاری سکولوں میں بھی نجی تعلیمی اداروں جیسی سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت سے سوال ہے کہ سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے ملک کے 97 فیصد بچوں کو کیوں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے، ملک اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اور اس لیے آئینی عدالت کا قیام ناگزیر ہے، پارلیمنٹ کو اپنے اختیارات کے بارے میں خود فیصلہ کرنے کا حق ہونا چاہیے۔

آخر میں اُن کا مزید کہنا تھا کہ عسکری اور حکومتی ذمہ داروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے میں بہادری اور تدبر کا مظاہرہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے 2 ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے 27ویں ترمیم کو آئین پر حملہ قرار دیتے ہوئے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے جب کہ لا اینڈ جسٹس کمیشن کے رکن مخدوم علی خان بھی یہی مؤقف اختیار کرتے ہوئے مستعفی ہو گئے ہیں، تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کے سیاسی مقاصد تھے۔