بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں کورونا کے مزید 650 کیسز رپورٹ، 2 افراد جاں بحق

اسلام آباد(نیوزڈیسک )ملک میں کوروناوائرس کے مزید 650 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 2 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہونے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مثبت کیسز کا تناسب 3.88 فیصد رہا جو ایک روز قبل 4.47 فیصد تھا۔
این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 16 ہزار 755 ٹیسٹ کیے گئے۔
شہروں سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے قومی ادارہ صحت نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے شہر صوابی میں کورونا کے مثبت کیسز کا سب سے زیادہ تناسب 42.8 فیصد رہا، جبکہ اس کے بعد دوسرا نمبر کراچی کا ہے جہاں مثبت کیسز کا تناسب 21.3 فیصد ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران جان لیوا وائرس سے متاثر ہو کر مزید 2 مریض انتقال کر گئے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صوابی میں کیے گئے مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد صرف 7 تھی جن میں سے 3 ٹیست مثبت آئے ہیں، جبکہ دوسری جانب کراچی میں 2 ہزار 30 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 430 مثبت آئے۔
دیگر شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کا تناسب سنگل ڈجٹ میں رہا، مظفر آباد میں 7 فیصد، ایبٹ آباد میں 3.7 فیصد، پشاور میں 3 فیصد، کوئٹہ میں 2.8 فیصد، اسلام آباد میں 2.5 فیصد، نوشہرہ میں 2.3 فیصد اور لاہور میں 2.17 فیصد رہا۔
اس سے قبل ایک بیان میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا تھا کہ حکومت، کورونا کیسز میں اضافے پر قابو پانے کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) ملک بھر میں وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کر رہا ہے، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں۔