بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہائیکورٹ ججز کی 27ویں ترمیم کیخلاف درخواست پر اعتراض عائد

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ہائیکورٹ کے 4 ججز کی 27ویں ترمیم کےخلاف سپریم کورٹ میں درخواست پر دائری برانچ نے اعتراض لگا دیا جب کہ برانچ درخواست وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چار ججز نے 27 ویں ترمیم سپریم کورٹ چیلنج کی تھی۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ دائری برانچ نے درخواست پر اعتراض لگا دیا، دائری برانچ نے درخواست وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار نہیں بنتا یہ آئینی معاملہ ہے۔

علاوہ ازیں، سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے 27ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، عدالتِ عظمیٰ سے درخواست کی کہ وہ مجوزہ ترمیم کی آئینی اور قانونی حیثیت کا تعین کرنے کا خصوصی اختیار اپنے پاس برقرار رکھے۔

اس سے قبل، 27 ویں آئینی ترمیم 2025 کو لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کیا گیا تھا، درخواست میں وزیراعظم کو بذریعہ سیکرٹری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان کے خلاف ہے ،صوبوں کی مشاورت کے بغیر ترمیم سے آئینی ڈھانچہ متاثر ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی ، جسٹس بابر ستار جسٹس ثمن رفعت امتیاز اور جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان چیلنج کرنے والوں میں شامل ہیں۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 27ویں ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری نے 27 ویں آئینی ترمیمی بل پر دستخط کردیے جس کے بعد 27ویں ترمیم آئین کا حصہ بن گئی۔