بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ہٹانے کی خبر ذاتی عناد نکلی، اندرونی کہانی سامنے آگئی

کوئٹہ (نیوزڈیسک) سرفراز بگٹی کو ہٹانے کی خبر ذاتی عناد نکلی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر دوستین ڈومکی مبینہ طور پر ترقیاتی فنڈز نہ بڑھانے پر وزیر اعلیٰ سے ناراض ہیں، سینیٹر دوستین نے سرفراز بگٹی سے ترقیاتی اسکیم کے فنڈز بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز بگٹی نے سینیٹر دوستین سے ترقیاتی فنڈز بڑھانے سے معذرت کرلی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر ڈومکی کا ترقیاتی فنڈنگ بڑھانے کا مطالبہ خلاف قواعد تھا، انہوں نے فنڈز کے معاملے پر وزیراعظم کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کی شکایت کی تھی۔

وزیراعظم نے سینیٹر دوستین کے مطالبے پر سرفراز بگٹی کو پیغام بھیجوایا تھا جس پر انہوں نے مطالبے کی حقیقت سے آگاہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان سے لیگی سینیٹر میر دوستین خان ڈومکی نے وزیراعلی بلوچستان کو ہٹانے جانے کا بیان دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی کے ایم پی اے لیاقت لہڑی ذاتی عناد پر وزیر اعلیٰ سے ناراض ہیں، وہ مبینہ طور پر گرین بس سروس کی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مخالف ہیں۔

لیاقت لہڑی مبینہ طور پر بس سروس ٹھیکہ من پسند کمپنی کو دینا چاہتے تھے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ان کا مطالبہ ماننے سے معذرت کرلی تھی۔