لاہور(نیوزڈیسک)بلدیہ عظمیٰ کے متعدد سابق ریٹائرڈ ملازمین گزشتہ 2 ماہ سے مبینہ طور پر پنشن نہ ملنے کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ستمبر سے تاحال پنشن کی ادائیگی نہیں کی گئی، بلدیہ حکام کی جانب سے انتظار کرنے کا کہا جارہا ہے ۔
رئٹائرڈ ملازمین کا کہناہے کہ بلدیاتی ملازمین کو چیف ایگزیکٹو ہیلتھ ڈسٹرکٹ اتھارٹیز کے ماتحت منتقل کیئے جانے کے بعد ان کی پنشن کا نظام متاثر ہواہے ، جس کے نتیجے میں بزرگ ملازمین میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے ہیں، متعدد ریٹائرڈ ملازمین نے بتایا کہ انہیں مبینہ طور پر ستمبر 2025 سے تاحال انہیں پنشن کی ادائیگی نہیں کی گئی جبکہ بلدیہ حکام سے رابطہ کرنے پر انہیں حوصلہ افزا جواب نہیں دیا جارہاہے بس کہا جارہاہے کہ انتظار کریں جلد معاملات حل ہو جائیں گے ۔
ریٹائرڈ ملازمین کا کہناہے کہ ان کے پاس گھریلو اخراجات ، بچوں کی فیس اور کرایوں کی ادائیگی کیلئے بھی رقم نہیں ، جس کے باعث وہ مقروض زندگی گزار نے پر مجبور ہیں، متاثرہ پنشنرز نے حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔









