اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنوں پر عوام کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، خصوصاً ڈیرہ غازی خان میں لوگ بڑی تعداد میں ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ضمنی انتخاب میں گہما گہمی واضح ہے اور عوام جمہوری عمل میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اگرچہ متعدد حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف نے بائیکاٹ کیا ہے، تاہم ’’سیاست میں کوئی بائیکاٹ نہیں ہوتا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بائیکاٹ ہمیشہ سیاسی طور پر نقصان کا باعث بنتا ہے اور اس کا خمیازہ بالآخر عوامی نمائندگی کو بھگتنا پڑتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے شہری ووٹ ڈالنے پہنچ رہے ہیں اور ٹرن آؤٹ توقعات سے کہیں بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ان ضمنی انتخابات میں ان شاء اللہ واضح برتری حاصل ہوگی۔
عطاء اللہ تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ ان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی کارکردگی کو ’’دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے‘‘ اور موجودہ حکومت کی کامیابی عوام کے ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے نکلنے سے ظاہر ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ’’معرکہ حق‘‘ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، جب کہ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی پوزیشن بھی مضبوط ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق عوام کے اعتماد نے ضمنی انتخابات کو ایک بار پھر جمہوری استحکام کا مظہر بنا دیا ہے۔









