لاہور(نیوزڈیسک) پانی کے بے دریغ استعمال کو کنٹرول کرنے کیلئے واسا نے جدید اسمارٹ واٹر میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے میٹرز کی خریداری کا پہلا ٹینڈر جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق واسا 50 کروڑ روپے کی لاگت سے دس ہزار جدید واٹر میٹرز خریدے گا۔ اسمارٹ واٹر میٹرز میں خودکار میٹر ریڈنگ کا نظام نصب ہوگا جبکہ صارفین کو میٹر ریڈنگ کی آن لائن تصدیق کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت جتنا پانی استعمال ہوگا، اتنا ہی بل ادا کرنا ہوگا۔
ایم ڈی واسا غفران احمد کے مطابق شہری آسان اقساط پر اسمارٹ واٹر میٹرز لگوا سکیں گے جبکہ میٹر کی تنصیب پر 35 ہزار روپے لاگت آئے گی۔
پہلے مرحلے میں جدید واٹر میٹرز جوہر ٹاؤن کے علاقوں میں نصب کیے جائیں گے۔









