بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہانگ کانگ ٹاورز میں خوفناک آگ، ہلاکتیں 94 تک پہنچ گئیں، سیکڑوں لاپتہ

ہانگ کانگ کے علاقے تائی پو میں واقع وانگ فُک کورٹ کے رہائشی ٹاور بلاکس میں لگنے والی المناک آگ نے شہر میں تباہی مچا دی۔ فائر فائٹرز اب بھی سیکڑوں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 94 تک پہنچ گئی ہے، جسے ہانگ کانگ کی گزشتہ سات دہائیوں کی بدترین آتشزدگی قرار دیا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ رہائشی عمارتیں حال ہی میں وسیع پیمانے پر مرمت اور تعمیراتی کام سے گزر رہی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عمارتوں کی بیرونی جانب موجود تعمیراتی مواد نے آگ کو تیزی سے پھیلنے میں اہم کردار ادا کیا ہو سکتا ہے۔ اس ضمن میں تین تعمیراتی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز کو غفلت اور قتلِ خطا کے شبہے میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے مکمل اور شفاف تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
آگ گزشتہ روز لگی اور چند ہی گھنٹوں میں شعلے آٹھ میں سے سات ٹاورز بلاکس تک پھیل گئے۔ اس المناک حادثے میں 37 سالہ فائر فائٹر ہو وائی ہو بھی جان کی بازی ہار گئے، جنہیں ملبے سے بے ہوش حالت میں نکالا گیا۔ آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران 11 دیگر فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے۔
شدید حرارت، گرنے والے ملبے اور کمزور اسکیف فولڈنگ نے ریسکیو آپریشن کو انتہائی مشکل بنا دیا، تاہم اب تک 55 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ فائر سروس کے مطابق 270 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں جبکہ 76 زخمی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ چیف ایگزیکٹو جان لی کا کہنا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود ریسکیو آپریشن جاری ہے اور فائر فائٹرز ایک بھی فرد کو پیچھے نہیں چھوڑیں گے۔