ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سرکاری ٹی وی پر اہم خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ اور لبنان کی مزاحمتی تحریکیں ایرانی اصولوں اور اقدار پر قائم ہیں، جنہوں نے خطّے میں ظلم کے خلاف مضبوط محاذ قائم کیا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے دعویٰ کیا کہ ایرانی قوم نے حالیہ بارہ روزہ جنگ میں امریکا اور اسرائیل کو تاریخی شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پوری تیاری کے ساتھ آیا اور شر پھیلانے کی کوشش کی، لیکن آخرکار شکست کھا کر خالی ہاتھ واپس لوٹ گیا۔
سپریم لیڈر کے مطابق صیہونی حکومت نے اس جنگ کے لیے بیس سال کی منصوبہ بندی کی تھی، مگر ایرانی دفاعی نظام اور قومی مزاحمت کے سامنے وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملے کے دوران بھرپور کوششیں کیں، لیکن انہیں صرف ناکامی ہی حاصل ہوئی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایرانی قوم کی استقامت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور علاقائی مزاحمتی قوتیں ایرانی نظریے سے تقویت حاصل کر رہی ہیں۔









