اسلام آباد(نیوزڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرہ) نے شناختی نظام میں اہم ریگولیٹری اصلاحات کا اجراء کردیا، نادرا کے ترجمان کے مطابق یہ اصلاحات نادرا اتھارٹی بورڈ کی منظوری کے بعد گزٹ آف پاکستان میں شائع کی گئیں۔
نادرا اتھارٹی بورڈ کی منظوری کے بعد یہ اصلاحات گزٹ آف پاکستان میں شائع کی گئیں۔ نئی ریگولیشنز میں شناختی دستاویزات کی تصدیق کے لیے ریکارڈ کے جائزے کا باقاعدہ طریقہ کار شامل کیا گیا ہے۔تحقیقات، سماعت اور حتمی فیصلوں کے لیے خصوصی ویریفکیشن بورڈز قائم کر دیے گئے ہیں۔ شناختی کارڈ کے ضوابط میں اہم اصطلاحات کی مزید وضاحت بھی شامل ہے۔ اسی طرح متروک یا وصول نہ کیے گئے شناختی کارڈز کی تلفی کا طریقہ کار بھی واضح کر دیا گیا ہے۔ایک سے زیادہ شناختی کارڈز سے متعلق معاملات نمٹانے کا نیا اور شفاف طریقہ متعارف کرایا گیا ہے۔ یتیم خانوں اور تحفظِ اطفال کے اداروں کی رجسٹریشن کے لیے قواعد بھی ریگولیشنز کا حصہ ہیں۔
پاکستان اوریجن کارڈ کے لیے اہلیت کا معیار واضح کر دیا گیا ہے، جبکہ سلسلہ نسب کی تصدیق کے لیے مطلوبہ دستاویزات اور کارڈ ہولڈر کے حقوق بھی شامل کیے گئے ہیں۔خریداری کے شفاف نظام کے لیے نادرا پروکیورمنٹ ریگولیشنز کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ ترجمان نادرا کے مطابق یہ منظوری ادارے کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ نئے ریگولیشنز کا مکمل متن نادرا کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔









