پشاور(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بند کمروں کے فیصلے اب مزید قبول نہیں،کچھ لوگوں کا کام سیاست کرنا نہیں ہے لیکن وہ پھر بھی مداخلت کررہے ہیں۔
پشاور میں پولیس فورس اور سول افسران سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس کو غیر قانونی احکامات نہ ماننے کا حکم دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا 4 دہائیوں سے دہشت گردی کی زد میں ہے، پولیس نے کم وسائل کے باوجود دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، انصاف نہ ملنے سے معاملات خراب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ، اینٹی ڈرون سسٹم دیا جارہا ہے، وسائل کی کمی سیکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، شہید سول سرونٹس کے اہلخانہ کے لیے خصوصی پالیسی بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کرپشن کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی ہے،کسی سے رعایت نہیں ہوگی، جب کہ افسران کے معاملات میں سیاسی مداخلت نہیں ہوگی، مگررزلٹ چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بندکمروں کے فیصلے اب مزید قبول نہیں ہیں، بدقسمتی سے کچھ لوگوں کا کام سیاست میں نہیں لیکن مداخلت کررہے ہیں اور جن کا کام انصاف دیناہوتا ہے وہ نہیں دے پاتے جس سے چیزیں بگڑتی ہیں۔









