احتشام ایوب کا تعلق کرکٹ سے ہے لیکن کھلاڑی بننے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ کھیل سے جڑی محبت نے انہیں اس کھیل سے تعلق توڑنے نہیں دیا اور اسی جذبے نے انہیں ایک نیا راستہ دکھایا جو ہے کرکٹ کے بَلّوں کی مرمت۔
احتشام نے شوق سے شروع کیا گیا یہ کام آہستہ آہستہ سیکھا اور پھر ایک آن لائن اکاؤنٹ بنایا جہاں انہوں نے اپنی خدمات پیش کرنی شروع کردیں۔
کچھ ہی عرصے میں نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک سے بھی آرڈرز آنے لگے۔
فی الحال وہ ایک ملازمت بھی کرتے ہیں مگر ان کی خواہش ہے کہ وہ بلّے مرمت کرنے کے کام کو اپنا فل ٹائم پیشہ بنا سکیں۔
وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں اس کام کو ایک باقاعدہ ہنر کے طور پر پہچان ملے۔
احتشام کا منصوبہ ہے کہ ایک ریپیئرنگ سینٹر قائم کریں جہاں نوجوان یہ فن سیکھیں تاکہ وہ کھلاڑی جو اپنے بلّے کی خرابی کے باعث مشکلات کا شکار ہوتے ہیں دوبارہ اعتماد کے ساتھ کھیل سکیں۔
احتشام کا کہنا ہے کہ اگر وہ کسی کھلاڑی کا بلّا ٹھیک کرکے اسے دوبارہ میدان میں لے آئے تو یہی ان کے لیے اطمینان کا بہت بڑا ذریعہ ہوگا یعنی دوسروں کے خوابوں کو سہارا دے کر خوشی خوشی حاصل کرنا۔









