چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں 35ویں نیشنل گیمز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہ سال بعد نیشنل گیمز کا انعقاد ہو رہا ہے اور سندھ کے لیے اس کی میزبانی فخر کا موقع ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ملک خصوصاً سندھ کے نوجوانوں کو مثبت ماحول میسر ہے۔ انہوں نے کہا، “نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور امید ہے کہ یہی نوجوان کل عالمی سطح پر تمغے جیت کر لائیں گے۔ یہاں موجود تمام ایتھلیٹس 35ویں قومی گیمز کا بھرپور لطف اٹھائیں، اور ملک بھر سے آئے مہمانوں کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔”
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 35ویں نیشنل گیمز کا کراچی میں شاندار آغاز خوش آئند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 10 ہزار ایتھلیٹس اس قومی مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں اور کراچی کے 24 مقامات پر 31 مختلف اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یاد دلایا کہ 1948ء میں قائداعظم محمد علی جناح نے پہلے نیشنل گیمز کا افتتاح کیا تھا اور 2025ء میں 35 ویں نیشنل گیمز کی میزبانی سندھ کے لیے فخر کا موقع ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے 35ویں نیشنل گیمز کا افتتاح کر دیا








