بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اینکرپرسن عمران ریاض بغاوت کے مقدمے میں گرفتار

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )اینکر پرسن عمران ریاض خان کوبغاوت کے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران ریاض خان کو منگل کی شب اسلا م آباد ٹول پلازے سے رینجرز اور اٹک پولیس کی ٹیموں نے حراست میں لیا ۔عمران خان کی گرفتاری کےلئے 15ایس ایچ اوز آئے تھے۔ عمران ریاض کے وکیل میاں علی اشفاق نے ان کی گرفتاری کی تصدیق   کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران ریاض کو اٹک میں درج بغاوت کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران ریاض کے ساتھ پشاور کے صحافی بھی موجود تھے جبکہ میرا ان کے ساتھ فون پر رابطہ تھا۔انہوں نے عمران ریاض کی گرفتاری کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے کہا کہ عدالت کا واضح حکم ہے کہ عمران ریاض کو گرفتار نہ کیا جائے ۔وکیل عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عمران ریاض کی گرفتار پر توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم  ہے اجازت کے بغیر کسی صحافی کو گرفتارنہیں کیا جائے گا۔

وکیل نے بتایا کہ عمران ریاض خان کے خلاف اب تک 30 سے زائد جعلی ایف آئی آر درج کی گئیں ان تمام ایف آئی آر کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ گئےعدالت نے ضمانت دی۔

ان کے وکیل نے بتایا کہ گزشتہ روز عمران ریاض کے اسلحہ لائسنس بھی بغیرکسی وجہ منسوخ کیے گئے تھے۔

ادھر پی ٹی آئی کے رہنماؤں اسدعمراو ر شہبازگل نے عمران ریاض کی گرفتاری کی مذمت کی ہے ۔اپنے ٹویٹ میں اسدعمرنے کہاکہ رائے کے اظہار کا جواب دلیل سے دیا جاتا ہے گرفتاری سے نہیں جب کہ شہبازگل نے اپنی ٹویٹ میں لکھاکہ آخر کار عمران ریاض کو گرفتار کر لیا گیا۔ راہ حق پر کھڑے ہونے کی یہ قیمت ہے۔ اللہ آپکا حامی و ناصر ہو۔