بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا چیف وہپ حزبِ اختلاف کو خط، سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے کیسز سے متعلق وضاحت طلب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے رکن قومی اسمبلی اور چیف وہپ حزبِ اختلاف ملک عامر ڈوگر کو باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے سابق قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب خان کے زیرِ التواء مقدمات سے متعلق تحریری وضاحت طلب کر لی ہے۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق خط میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے زبانی طور پر سیکرٹریٹ کو مطلع کیا گیا تھا کہ عمر ایوب خان کے خلاف عدالتوں میں کوئی کیس زیرِ التواء نہیں، تاہم اس کی تحریری تصدیق تاحال فراہم نہیں کی گئی۔

سیکرٹریٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ قائدِ حزبِ اختلاف کی نامزدگی کے عمل کو قانون کے مطابق مکمل کرنے کے لیے تحریری معلومات ناگزیر ہیں۔ اسی سلسلے میں چیف وہپ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ عمر ایوب خان کے خلاف عدالتوں میں زیرِ سماعت یا فیصل شدہ مقدمات کی تازہ ترین صورتحال فراہم کریں۔

ترجمان نے بتایا کہ عمر ایوب سے متعلق بعض مقدمات میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بطور فریق بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے باعث معاملے کی درست قانونی پوزیشن جاننا ضروری ہے۔

خط میں ملک عامر ڈوگر سے کہا گیا ہے کہ قائدِ حزبِ اختلاف کی نامزدگی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مطلوبہ دستاویزات جلد از جلد ارسال کی جائیں تاکہ طریقہ کار مکمل کیا جا سکے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق تحریری تصدیق ملنے کے بعد ہی قائدِ حزبِ اختلاف کے تقرر کا عمل آئینی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔