بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بدعنوانی قومی ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مالی بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بدعنوانی قومی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس کے مکمل خاتمے کے بغیر ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔

اسپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ اور قومی اسمبلی کرپشن کے خلاف مؤثر قانون سازی اور اس کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت، احتساب اور قانون کی بالادستی ہی مضبوط جمہوریت کی بنیادیں ہیں اور قوم کو ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جو ہر سطح پر دیانت داری کو فروغ دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف قومی شعور بیدار کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس کے لیے اداروں اور عوام دونوں کو یکساں کردار ادا کرنا ہوگا۔ سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ قومی وسائل کا شفاف استعمال ہی پائیدار ترقی کا ضامن ہے اور قومی اسمبلی بدعنوانی کے خلاف مزید موثر قانون سازی کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ایک ایسا ملک بنے گا جہاں بدعنوانی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی اور ترقی کا سفر شفافیت اور انصاف کی بنیاد پر آگے بڑھے گا۔