بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومتی کریک ڈاؤن، کارکنوں کو عمران خان کی بہنوں کے ہمراہ اڈیالہ نہ بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کو کریک ڈاؤن کا موقع نہ دینے کیلئے کارکنوں کو ملاقات کیلئے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں کے ہمراہ اڈیالہ جیل نہ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے سامنے آیا ہے جس کے تحت کارکنوں کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں یا وکلاء کے ہمراہ ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل نہیں بھیجا جائے گا، اس ضمن میں اپوزیشن اتحاد کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں عمران خان سے ملاقات کے لیے پارلیمانی پارٹی نے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں مشاورت سے فیصلہ ہوا کہ ملاقات کے لیے کوئی کارکن آج منگل کو بہنوں یا وکلا کے ہمراہ نہیں جائے گا، اس طرح سے حکومت کو کریک ڈاؤن یا رکاوٹ کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا جائے گا، علاوہ ازیں نامزد اپوزیشن لیڈر محمود خان چکزئی اور دیگر قائدین نے سپیکرکو اپنا مؤقف بتانے کے لیے ایڈوائزری کمیٹی میں جانے کی ہدایت کی جب کہ پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مؤقف اپنایا کہ ایڈوائزری کمیٹی میں جائیں گے تو ہی سپیکر کو اپنا پیغام دے سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ” پاکستان تحریک انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج قومی اسمبلی میں منعقد ہوا، جس میں ارکانِ قومی اسمبلی اور ارکانِ سینیٹ نے شرکت کی، اجلاس میں نامزد قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر خان، سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر، قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک اور چیف ویہپ ملک عامر ڈوگر بھی شریک ہوئے، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتِ حال، جمہوری عمل میں رکاوٹوں، آئینی انحرافات اور ادارہ جاتی مداخلت کے بڑھتے ہوئے خدشات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پارلیمانی پارٹی نے واضح کیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفننگ کے بعد پوری قوم شدید اضطراب اور تشویش کا شکار ہے، جمہوریت دشمن عناصر منظم طریقے سے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ملک میں آئینِ پاکستان کو عملاً معطل کردیا گیا ہے، عدلیہ کو بے اختیار اور بے اثر کیا جا رہا ہے جبکہ میڈیا پر سخت ترین قدغنیں لگا کر عوام کی آواز دبائی جا رہی ہے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی آواز مسلسل دبائی جا رہی ہے اور چادر و چار دیواری کا تقدس ملک بھر میں پامال کیا جا رہا ہے۔