بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب حکومت، کینسروکارڈیک سرجری کیلئے خصوصی کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور (نیوزڈیسک) پنجاب حکومت نے کینسر اورکارڈیک سرجری کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعلیٰ سپیشل اینیشیٹو برائے کینسر پیشنٹ کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، کینسراورکارڈیک سرجری کے لیے خصوصی کارڈ کے اجراء کا بھی فیصلہ کیا ہوا ہے۔

اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کینسر اور دل کے مریضوں کے علاج کا مکمل خرچ حکومت ادا کرے گی، مریض سی ایم سپیشل اینیشیٹو کارڈ پر 10 لاکھ تک علاج پر خرچ کرسکے گا، پہلے مرحلے میں 45 ہزارمریض اس کارڈ سے علاج کروا سکیں گے، چیف منسٹرکارڈیک سرجری پروگرام کارڈ پر مفت سرجری کی جائے گی، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ برائے کینسرٹریٹمنٹ کا اوپی ڈی بلاک 17 جنوری تک فعال ہوگا، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا 31جنوری تک فعال کرنے کی ڈیڈلائن مقرر کردی گئی۔

بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کینسرٹریٹمنٹ میں پہلے مرحلے میں 219 اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی ہے جب کہ نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھامیں 258 اسامیوں پربھرتی کی منظوری دی گئی ہے، اسی طرح جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور15 فروری سے فنکشنل ہوگا جس میں 1 ہزار 104 اسامیوں پربھرتی کی منظوری دی گئی ہے، پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں 19ارب 90کروڑ روپے کی ادویات مہیا کی جاچکی ہیں۔